ٹیکسلا میں معروف ٹک ٹاکر شمسو بی بی عرف عائشہ گیلہ منہ کے مبینہ قتل کیس میں راولپنڈی پولیس نے تفتیش کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے خیبرپختونخوا پولیس سے باقاعدہ رابطہ کر لیا ہے۔
خبررساں ادارے ٹرائبل نیوز نیٹ ورک کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں ملوث مطلوب ملزمان کا تعلق دیر سے ہے اور ان کی تصاویر و تمام تر معلومات مقامی پولیس کو فراہم کر دی گئی ہیں جبکہ راولپنڈی پولیس کی خصوصی ٹیم کارروائی کے لیے جلد دیر پہنچے گی۔
دوسری جانب کیس کی تفتیش میں پولیس کو اہم کامیابی حاصل ہوئی ہے جہاں ٹیموں نے سیف سٹی کیمروں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے فرار ملزمان کے2سہولت کاروں سمیت4 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق واردات میں استعمال ہونے والی موٹر سائیکل پر کوئی نمبر پلیٹ موجود نہیں تھی اور سوار افراد نے ہیلمٹ پہن رکھے تھے۔
واقعے کی تفصیلات کے مطابق14اگست کو مقتولہ کو کاشف عرف کاشی نامی شخص کی جانب سے مبینہ طور پر فون کال موصول ہوئی، جس میں انہیں فوری گھر سے باہر آنے کا کہا گیا تھا۔ اس کے بعد شمسو بی بی اپنے بھائی نعمت اللہ اور15 سالہ بہن عاصمہ کے ہمراہ گاڑی میں روانہ ہوئیں تو پٹرول پمپ کے قریب موٹر سائیکل سواروں نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
یہ بھی پڑھیں : سونے کی قیمتیں آج بھی برقرار، چاندی مزید سستی ہوگئی
فائرنگ کے دوران ایک گولی شمسو بی بی کی گردن میں لگی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جبکہ بے قابو ہونے والی گاڑی دوسری گاڑی سے ٹکرانے کے نتیجے میں ان کی بہن عاصمہ شدید زخمی ہو گئیں۔





