اگلے 2 سے 4 گھنٹے اہم، راولپنڈی اسلام آباد کیلئے موسمیاتی الرٹ، رین ایمرجنسی نافذ

جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں مسلسل موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث نالہ لئی کی سطح میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

تیز بارش کے پیش نظر راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ دو سے چار گھنٹے کے دوران مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں اوسطاً 91.76 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ سید پور میں 91، ایچ ایٹ میں 86، گولڑہ میں 88، بوکرہ میں 70، شمس آباد میں 66 جبکہ چکلالہ میں 48 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

نالہ لئی میں گوالمنڈی کے مقام پر پانی کی سطح مسلسل بلند ہورہی ہے۔ کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی کی سطح 21 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر 15 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔

بارش کے باعث واسا کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے جبکہ ایم ڈی واسا نے تیز بارش کے پیش نظر رین ایمرجنسی نافذ کردی۔

ترجمان ایم ڈی واسا کے مطابق نکاسی آب کے لیے نشیبی علاقوں میں عملہ اور ہیوی مشینری تعینات کردی گئی ہے اور ایم ڈی واسا خود فیلڈ میں موجود رہ کر نکاسی آب آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔

لیاقت باغ، کمیٹی چوک، مری روڈ اور صادق آباد میں بھی ہیوی مشینری تعینات ہے جبکہ نالہ لئی سمیت شہر بھر کے نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

نالہ لئی کے اطراف رہائش پذیر شہریوں کو خبردار کرنے کے لیے سائرن بھی بجائے گئے ہیں۔ شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے اور بجلی کے کھمبوں و نالوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : راولپنڈی، اسلام آباد میں موسلادھار بارش، نالہ لئی میں پھرطغیانی، خطرے کے سائرن بجا دیئے گئے

ادھر اسلام آباد ایکسپریس وے پر موسلا دھار بارش کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔ اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی رفتار کم رکھنے اور آگے چلنے والی گاڑیوں سے مناسب فاصلہ برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق بارش کے دوران فوگ لائٹس کا استعمال کیا جائے اور ڈرائیونگ کے دوران سائیڈ شیشے، انڈیکیٹرز اور سیٹ بیلٹ کا لازمی استعمال کیا جائے۔ موٹرسائیکل سواروں کو انتہائی بائیں لین میں چلنے اور ہیلمٹ پہننے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

اسلام آباد ٹریفک پولیس کے افسران شہریوں کی سہولت اور آگاہی کے لیے سڑکوں پر موجود ہیں۔ شہری مزید ٹریفک اپ ڈیٹس کے لیے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ چینل، اسلام آباد پولیس کے سوشل میڈیا پیجز اور آئی ٹی پی ایف ایم 92.4 سے رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور گردونواح میں مزید بارش کا امکان ہے، جبکہ راولپنڈی، ٹیکسلا، واہ کینٹ، مری اور گلیات میں بھی مزید بارش متوقع ہے۔

ملک کے دیگر شہروں میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ مختلف حادثات میں کئی افراد جان کی بازی بھی ہار چکے ہیں۔

Scroll to Top