عدالتی فیصلے پر عمل نہ ہوا تو فیصلہ کہاں ہو گا؟ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے بتادیا

عدالتی فیصلے پر عمل نہ ہوا تو فیصلہ سڑکوں پرہو گا، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ عدلیہ کے فیصلے پر مکمل عملدرآمد ہوگا، اگر عدالتی فیصلے پر عمل نہ ہوا تو فیصلہ سڑکوں پر ہو گا، بانی پی ٹی آئی ہسپتال سے واپس جیل جائیں گے اور ان کے بیرون ملک جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

نجی ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی کے 92 ارکان ان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں، انہیں کوئی خرید نہیں سکتا اور ان کی کتاب میں پیچھے ہٹنے کا نام نہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ وہ اپنے نظریے پر کھڑے ہیں اور انہیں کوئی ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹا سکتا، اہم ملاقاتوں میں کبھی بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے بات نہیں کی، کمرے کے اندر جو بات کرتے ہیں باہر بھی وہی کہتے ہیں، کون کس سے رابطے میں ہے، انہیں اس کا علم نہیں اور اپنے خلاف کسی سازش کی انہیں کوئی پرواہ نہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ عمران خان کسی قسم کی ڈیل نہیں کریں گے، وہ عدلیہ کے ذریعے باہر آنا چاہتے ہیں، کسی ڈیل کے ذریعے نہیں، بانی پی ٹی آئی ہسپتال سے واپس جیل جائیں گے اور ان کے بیرون ملک جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

نئے صوبوں کے معاملے پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے بانی پی ٹی آئی سے بات کرنی چاہیے، نئے صوبے بنانے کے لیے 25 ٹریلین روپے درکار ہوں گے، نئے صوبوں کے حوالے سے ان سے کسی نے بات نہیں کی اور اس معاملے پر مشاورت میں موجودہ حکومت کا ساتھ نہیں دیں گے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ انہیں نو فلائی لسٹ میں ڈالا گیا ہے اور ان کا پاسپورٹ بھی بلاک ہے، خیبرپختونخوا اسمبلی کے ارکان کی تنخواہیں سب سے کم ہیں، انہوں نے  واضح کیا کہ 27 ستمبر کا احتجاج صرف ایک دن کا احتجاج نہیں بلکہ اس کا پورا پلان تیار ہے۔

Scroll to Top