پاکستان سے روزگار کے حصول یا تفریح کی غرض سے متحدہ عرب امارات جانے والے شہریوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ سفر سے قبل وہاں کے ادویات سے متعلق سخت قوانین کا بغور جائزہ لیں تاکہ دیارِ غیر میں کسی ناگہانی پریشانی سے بچا جا سکے۔
اکثر مسافر اپنی مختلف بیماریوں یا طبی ضرورت کے تحت باقاعدگی سے مختلف ادویات ساتھ رکھتے ہیں، تاہم اماراتی حکام نے کئی عام ادویات کی نقل و حمل اور استعمال پر سخت پابندیاں عائد کر رکھی ہیں۔
متحدہ عرب امارات کے قوانین کے مطابق بالخصوص نیند آور، ذہنی دباؤ اور اعصابی نظام پر اثر انداز ہونے والی ادویات پر مکمل یا جزوی پابندی عائد ہے۔ ایسے تمام مسافر جو کسی بھی قسم کی دوائیں ساتھ لے جا رہے ہوں، ان کے لیے لازمی ہے کہ روانگی سے قبل اپنے استعمال میں موجود دوا کی امارات میں قانونی حیثیت کی تصدیق کر لیں۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان کو ہسپتال منتقل کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل ہوگا، طارق فضل چوہدری
اس کے علاوہ سفر کے دوران اپنے ساتھ کسی مستند ڈاکٹر کا سرکاری نسخہ رکھنا انتہائی ضروری ہے تاکہ ایئرپورٹ پر چیکنگ کے عمل کے دوران دوا کے استعمال کا قانونی جواز فراہم کیا جا سکے۔ ان قوانین کی خلاف ورزی یا ناواقفیت کی صورت میں مسافروں کو ہوائی اڈے پر ادویات کی ضبطی سمیت شدید قانونی نتائج اور گرفتاری کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔





