غلام اکبر مروت
لکی مروت کے علاقے خیروخیل پکہ میں گھریلو تنازعے پر فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں دو بھائی جاں بحق جبکہ ان کی بہن شدید زخمی ہوگئیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا الزام ان کے بھائی فرمان اللہ پر عائد کیا گیا ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں رضوان ولد خان سردار اور فیصل ولد خان سردار، ساکنان خیروخیل پکہ، شدید زخمی ہوگئے اور بعدازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، جبکہ ان کی بہن بھی فائرنگ سے زخمی ہوئیں۔
زخمی خاتون کو طبی امداد کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال تاجہ زئی، لکی مروت منتقل کردیا گیا، جبکہ دونوں بھائیوں کی لاشیں بھی پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردی گئیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی وجہ گھریلو تنازعہ بتایا جاتا ہے۔ جاں بحق ہونے والے رضوان کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ ایف سی بلوچستان میں حوالدار کے عہدے پر تعینات تھے اور چھٹی پر گھر آئے ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : پیٹرول کی قیمت میں کمی، ڈیزل مہنگا،نوٹیفکیشن جاری
واقعے کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنے پر صورت حال واضح ہوگی۔





