مولانا فضل الرحمان اور محمود خان اچکزئی سے ملاقات: متحدہ اپوزیشن کے قیام کا اعلان

جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے اہم ملاقات کے بعد متحدہ اپوزیشن کے قیام کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی جس میں جے یو آئی کے وفد میں سینیٹر کامران مرتضیٰ اور مولانا واسع شامل تھے جبکہ محمود خان اچکزئی کے ساتھ اخونزادہ حسین یوسفزئی اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی موجود تھے۔

اپوزیشن لیڈر سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے بتایا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈران سے مشاورت ہوئی ہے اور اصولی طور پر اتفاق کیا گیا ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس اتحاد کا مقصد پارلیمنٹ میں ایک مضبوط اور مشترکہ پارلیمانی کردار ادا کرنا ہے۔ اس سلسلے میں مزید مشاورت اور ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور امید ہے کہ یہ ایک اچھا آغاز ثابت ہوگا۔

انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کے لیے ماحول ہموار کرنے پر بھی زور دیا۔

ایک صحافی کی جانب سے پاکستان پیپلز پارٹی کو ساتھ ملانے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر مولانا فضل الرحمان نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی اس وقت حکومت کا حصہ ہے۔

Scroll to Top