اسلام آباد: وفاقی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 245 کے تحت راولپنڈی میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 6 ماہ کے لیے پاک فوج تعینات کرنے کی منظوری دے دی، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق راولپنڈی میں پاک فوج کی 3 کمپنیاں، یعنی 400 سے زائد اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ فوج ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر امن و امان برقرار رکھنے اور سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے میں معاونت کرے گی۔

حکومت کے مطابق پاک فوج کو کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال اور بدامنی سے نمٹنے کے لیے تعینات کیا جا رہا ہے۔ فوج حساس مقامات اور اہم شاہراہوں پر سیکیورٹی کے انتظامات میں ضلعی انتظامیہ کی معاونت کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں : عمران خان کی ہسپتال منتقلی، سپریم کورٹ میں توہینِ عدالت کی درخواست دائر
ذرائع کے مطابق راولپنڈی میں پاک فوج کی تعیناتی کا فیصلہ ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کی درخواست پر کیا گیا، جس کے بعد وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے منظوری دی گئی۔
پاک فوج کی تعیناتی کی مدت چھ ماہ ہوگی، جبکہ اس دوران فوج ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے فرائض انجام دے گی۔





