سرکاری حج اسکیم کے تحت 88 ہزار 700 عازمین حج نے واجبات کی پہلی قسط جمع کرا دی جبکہ لانگ حج پیکیج کے تحت ساڑھے 18 ہزار نشستیں اب بھی دستیاب ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق صرف تین روز میں پہلی قسط کی مد میں 55 ارب روپے سے زائد وصول کیے گئے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق پنجاب سے 46 ہزار 400، سندھ سے 23 ہزار 500، خیبر پختونخوا سے 11 ہزار 300، اسلام آباد سے 3 ہزار 933 اور بلوچستان سے 2 ہزار 555 عازمین نے حج واجبات کی پہلی قسط جمع کرائی۔
اسی طرح گلگت بلتستان سے 677 جبکہ آزاد کشمیر سے 362 عازمین نے بھی پہلی قسط کے واجبات ادا کردیے ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کے حج پورٹل پر آن لائن ادائیگی کے حوالے سے نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے، جہاں تین روز کے دوران حج واجبات کی پہلی قسط کی مد میں 55 ارب روپے سے زائد رقم جمع ہوئی۔
وزارت کے مطابق پاک حج ایپ اور حج پورٹل کے ذریعے ادائیگی کے لیے پی ایس آئی ڈی کارڈ اور مینول بینک چالان کی سہولت بھی دستیاب ہے۔ تقریباً 40 فیصد عازمین نے ون لنک کارڈ کے ذریعے آن لائن ادائیگی کی، جبکہ بلوچستان میں آن لائن ادائیگی کا تناسب 72 فیصد رہا۔
وزارت مذہبی امور نے حج 2027 کے خواہشمند عازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی نشست محفوظ بنانے کے لیے حج پورٹل پر کوائف اور ادائیگی کا عمل جلد مکمل کریں۔ وزارت کے مطابق 40 روزہ حج پیکیج کے لیے مطلوبہ تعداد پوری ہونے کے بعد بکنگ روک دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: حج 2027 کیلئے 84 ہزار عازمین نے پہلی قسط جمع کرادی، مذہبی امور کو 52 ارب روپے موصول ہوگئے
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے چار روز قبل وزیر مذہبی امور سردار یوسف سے ملاقات میں حج کی تیاریوں اور انتظامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا تھا۔
وزیراعظم کو وزارت مذہبی امور سے متعلق دیگر امور پر بھی بریفنگ دی گئی، جس پر انہوں نے عازمین حج کو بہترین سہولیات کی فراہمی اور مؤثر انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حج کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت مکمل کیے جائیں تاکہ عازمین کو دورانِ حج کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔





