کاشف عزیز
پشاور: تھانہ چمکنی کی حدود میں پولیس اور مبینہ راہزنوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے کے بعد پولیس نے دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور انہیں گرفتار کرنے کی کوشش کی، تاہم ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں نے حقِ خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران کئی سنگین مقدمات میں چمکنی پولیس کو مطلوب مبینہ سنیچرز اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے، جنہیں پولیس نے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا پولیس میں اعلیٰ افسران کے تبادلے، نوٹیفکیشن جاری
گرفتار ملزمان کی شناخت سعید عرف بچے اور اسد کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے مبینہ طور پر چھینا گیا موٹر سائیکل اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا پستول بھی برآمد کرلیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ ان کے سابقہ جرائم اور دیگر وارداتوں سے متعلق بھی معلومات حاصل کی جارہی ہیں۔





