نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سرکاری دورے پر لندن پہنچ گئے،اسحاق ڈار لندن میں برطانوی حکومت کے اعلیٰ حکام اور عالمی اداروں کے سربراہان سے اہم ملاقاتیں کریں گے ۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار 28 اگست 2026 تک برطانیہ کے سرکاری دورے پر ہیں، لندن کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان نے ان کا استقبال کیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ دورے کے دوران اسحاق ڈار برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ اور پاکستان کے لیے دفتر خارجہ و ترقیاتی امور کے وزیر مملکت اسٹیفن ڈوٹی سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
اسحاق ڈار دولت مشترکہ کی سیکرٹری جنرل شرلی آیورکور بوچوے سے بھی ملاقات کریں گے، جبکہ دورے کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے باہمی تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر بھی اہم تبادلہ خیال متوقع ہے۔
ترجمان کے مطابق نائب وزیر اعظم انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن کے سیکرٹری جنرل آرسینیو ڈومنگیز سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں خطے کی بحری سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہو گا۔





