شفیع جان نے سائنس و ٹیکنالوجی کے محکمے کا اضافی قلمدان سنبھال لیا

پشاور:وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے سائنس، ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی کے محکمے کے اضافی قلمدان کا باضابطہ چارج سنبھال لیا۔ اس موقع پر سیکرٹری سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی عبدالباسط خان سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

چارج سنبھالنے کے بعد شفیع جان نے اضافی قلمدان سونپنے اور اعتماد کرنے پر وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں عوامی خدمت صوبائی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق خیبر پختونخوا میں ڈیجیٹل گورننس کو مزید فروغ دیا جائے گا۔

وزیر سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی شفیع جان کا کہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے حکومتی نظام میں شفافیت، تیزی اور عوامی سہولت کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ صوبے کو ڈیجیٹل گورننس اور جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں مزید آگے لے جانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی ایران روانہ، آئی ایس پی آر

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اسکلز کے مواقع فراہم کرنا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔ عوامی خدمات کی فراہمی میں ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی مزید وسعت دی جائے گی۔

شفیع جان نے عزم ظاہر کیا کہ خیبر پختونخوا کو ڈیجیٹل انقلاب کا مرکز بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

Scroll to Top