اسلام آباد: فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی ایران روانہ ہوگئے، دورے کا مقصد علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پاکستان کی جانب سے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کی کوششوں کے سلسلے میں ایران کا دورہ کر رہے ہیں۔ دورے کے دوران مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے پُرامن، پائیدار اور جامع حل کے لیے کوششوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پیر کو ایران کا دورہ کریں گے، جہاں اہم ملاقاتیں بھی ہوں گی۔
ایرانی سرکاری میڈیا ارنا کے مطابق اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ دورے کا مقصد پاکستان اور ایران کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ ان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کا دورہ خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی کوششوں کا تسلسل ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل سیدعاصم منیر سےملائیشیا کے وزیر داخلہ کی ملاقات،دفاعی تعاون مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ
ترجمان کے مطابق دورے کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تعاون کے فروغ سمیت اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے جنگ کے دوران امریکا اور ایران کے درمیان اہم ثالث کا کردار ادا کیا اور دونوں فریقوں کے ساتھ مسلسل قریبی رابطے میں رہا ہے۔
امریکا اور ایران نے 17 جون کو مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے تھے اور حتمی معاہدے کے لیے مذاکرات کا آغاز کیا تھا، تاہم سکیورٹی ضمانتوں اور آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی سمیت مختلف معاملات پر اختلافات کے باعث مذاکرات بعد ازاں تعطل کا شکار ہوگئے۔
8 جولائی سے 24 جولائی کے دوران امریکا اور ایران کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف حملے بھی کیے گئے۔ امریکا نے ایران کے مختلف اہداف کو نشانہ بنایا، جبکہ ایران نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اردن، بحرین اور کویت سمیت متعدد عرب ممالک میں موجود امریکی فوجی تنصیبات اور سازوسامان کو نشانہ بنایا۔





