سلمان علی خان
بنوں: پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تھانہ سٹی کی حدود منڈان گیٹ کے قریب بارودی مواد سے بھری مشکوک موٹر سائیکل تحویل میں لے کر ممکنہ دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
پولیس کے مطابق نامعلوم دہشتگرد مبینہ طور پر بارودی مواد سے بھری موٹر سائیکل بنوں سٹی کے اندر لے جانا چاہتے تھے، تاہم منڈان گیٹ کے باہر موٹر سائیکل کا ٹائر پھٹ گیا، جس کے بعد ملزمان موٹر سائیکل چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور مشکوک موٹر سائیکل کی چیکنگ کی گئی۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موٹر سائیکل میں نصب ریموٹ کنٹرول آئی ای ڈی کو ناکارہ بنا دیا۔
یہ بھی پڑھیں : سرحد یونیورسٹی واقعہ، فوج کی اعلیٰ قیادت نے سخت نوٹس لے لیا
ابتدائی طور پر موٹر سائیکل سے 7 سے 8 کلوگرام بارودی مواد کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی بروقت کارروائی کے باعث ممکنہ دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا اور بنوں شہر کو بڑے جانی و مالی نقصان سے محفوظ کرلیا گیا۔
پولیس نے بارودی مواد سے بھری موٹر سائیکل قبضے میں لے کر متعلقہ تھانے منتقل کردی ہے، جبکہ فرار ہونے والے نامعلوم ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان تک پہنچنے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے۔





