وزیراعظم و فیلڈ مارشل کی کاوشوں سےمعاشی صورتحال بہتر ہو رہی ہے: ایازصادق

سسٹم ناکام نہیں ہوا ،وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی کاوشوں کے باعث ملک کی معاشی صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے،سپیکر ایاز صادق

 قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نےکہا ہےکہ سسٹم ناکام نہیں ہوا بلکہ نتائج دے رہا ہے اور وزیراعظم و فیلڈ مارشل کی کاوشوں کے باعث ملک کی معاشی صورتحال بتدریج بہتر ہو رہی ہے، کسی بھی نظام کے بارے میں حتمی فیصلہ عوام ہی کرتے ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے سپیمر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان کے معاشی حالات ماضی میں انتہائی خراب ہو چکے تھے تاہم اب معیشت بہتری کی راہ پر گامزن ہے ۔

ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کی اور بعد ازاں ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرکے عالمی سطح پر اپنی ساکھ اور وقار میں اضافہ کیا۔ پوری دنیا پاکستان کے مثبت اور تعمیری کردار کو تسلیم کر رہی ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ پاکستان تحریک انصاف کے اراکین ان سے مسلسل رابطے میں رہتے ہیں، ایوان میں داخل ہو کر آیت الکرسی، درود شریف اور چاروں قل پڑھتے ہیں جس سے ماحول بہتر ہو جاتا ہے۔

سپیکر قومی اسمبلی نےکہا کہ وہ ماضی میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی اور حکومت کے درمیان ثالثی کے کردار میں رہے ہیں اور اب بھی دونوں جماعتوں کے درمیان رابطوں میں کردار ادا کر رہے ہیں، دونوں جماعتوں کے درمیان بعض معاملات موجود ہیں تاہم امید ہےکہ وہ مذاکرات  اور افہام و تفہیم کے ذریعے حل ہوجائیں گے۔

پی ٹی آئی کی پارلیمانی کمیٹیوں میں عدم شرکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ایاز صادق نےکہا کہ اپوزیشن کو کمیٹیوں میں واپس آنا چاہیے۔،اگرچہ ان کی عدم موجودگی سےکمیٹیوں کا کام نہیں رکا، تاہم شرکت کی صورت میں وہ حکومت کا بہتر احتساب کرسکتے ہیں اور اصلاحات کے لیے مؤثر تجاویز بھی دے سکتے ہیں۔

سپیکر قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ ہر مسئلے کا حل مذاکرات، مکالمے اور سیاسی اتفاق رائے میں پوشیدہ ہے۔ احتجاج، محاذ آرائی اور تصادم مسائل کا حل نہیں بلکہ بات چیت ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔

 ایاز صادق نےکہا کہ جب مذاکرات کی بات ہوتی ہے تو سوشل میڈیا کے ردعمل سے خوفزدہ ہو جاتی ہے،پی ٹی آئی اپنی اندرونی کمیٹی بٹھا کر واضح فیصلہ کرے تاکہ سیاسی عمل میں پیش رفت ممکن ہو سکے۔

Scroll to Top