خیبرپختونخوا میں مزید 32 سرکاری ہسپتال نجی شعبے کو دینے کی تیاریاں مکمل

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے مزید 32 سرکاری ہسپتالوں کو آؤٹ سورس کرنے کے حوالے سے تمام مراحل مکمل کرلیے، جنہیں عنقریب نجی شعبے کے حوالے کیے جانے کا امکان ہے۔

حکام کے مطابق ان 32 ہسپتالوں کی شمولیت کے بعد صوبے میں نجی شعبے کے انتظام کے تحت چلنے والے سرکاری ہسپتالوں کی مجموعی تعداد 50 ہوجائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ نجی شعبے کو دیے جانے والے 32 ہسپتالوں میں 21 کیٹگری ڈی، 5 رورل ہیلتھ سینٹرز اور 6 کیٹگری بی ہسپتال شامل ہیں۔

حکام کے مطابق آؤٹ سورسنگ کا بنیادی مقصد کم کارکردگی والے ہسپتالوں کے انتظامی اور طبی نظام کو بہتر بنانا اور شہریوں کو معیاری صحت کی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

نجی شعبے کے حوالے کیے جانے والے ہسپتالوں میں ماہر ڈاکٹرز کی دستیابی اور ایمرجنسی سہولیات کی فراہمی لازمی قرار دی جائے گی۔ ہسپتالوں کا انتظام سنبھالنے سے قبل متعلقہ نجی اداروں کی مالی حیثیت، انتظامی صلاحیت اور استعداد کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : زرعی یونیورسٹی پشاور میں ایچ ای سی سکالرشپ فنڈز کا معاملہ، محتسب خیبر پختونخوا کا نوٹس

حکام کے مطابق آؤٹ سورس کیے جانے والے 32 سرکاری ہسپتالوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ بھی جاری ہے، جس کے ذریعے ہسپتالوں کی موجودہ کارکردگی، انتظامی امور اور دیگر معاملات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ نجی شراکت داروں کو آؤٹ سورس کیے گئے ہسپتالوں کے لیے سرکاری بجٹ سہ ماہی بنیادوں پر فراہم کیا جائے گا۔

حکومت کے مطابق اس اقدام کا مقصد سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی میں بہتری لانا اور عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔

Scroll to Top