سندھ اسمبلی نے ملک میں نئے صوبوں اور نئے انتظامی یونٹس کی مجوزہ تشکیل پر بحث کیلئے ایک تحریک التوا منظور کرلی، سندھ اسمبلی میں نئے صوبوں کے معاملے پر پیرکو باقاعدہ بحث شروع ہوگی ۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر نثار احمد کھوڑو نے سپیکر سے درخواست کی کہ وہ فوری نوعیت کے ایک اہم عوامی ایشو پر تحریک التوا پیش کرنا چاہتے ہیں اس لیے ایوان کی باقی کارروائی معطل کرکے انہیں تحریک پیش کرنے کی اجازت دی جائے ۔
سپیکرسندھ اسمبلی نے وزیر قانون وپارلیمانی امور ضیاءالحسن لنجار سے مشورے کے بعد انہیں تحریک پیش کرنے کی اجازت دی، ضیاءلنجار کا کہنا تھا کہ یہ بہت اہم معاملہ ہے اس لیے انہیں یہ تحریک پیش کرنے پر کوئی اعتراض نہیں ہے ۔
یہ بھی پڑھیں: نئے صوبوں سے متعلق عوام کا جو فیصلہ ہوگا پیپلز پارٹی ساتھ کھڑی ہوگی، بلاول بھٹو زرداری
سپیکر اویس قادر شاہ نے تحریک التوا کو بحث کے لیے منظور کرتے ہوئے رولنگ دی کہ اس پر پیر کے روز 2گھنٹے بحث کی جائے گی تاہم ارکان چاہیں تو اس پر ہم مزید کئی روز بھی گفتگو کرسکتے ہیں۔
ایوان نے اکثریت رائے سے تحریک التوا بحث کے لیے منظور کر لی ، اب سندھ اسمبلی میں نئے صوبوں کے معاملے پر پیرکو باقاعدہ بحث شروع ہوگی ۔





