سانحہ پمز: معطل افسران کا نوٹیفکیشن جاری، نئے ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات

اسلام آباد: سانحہ پمز کی انکوائری کے نتیجے میں معطل کیے جانے والے افسران کی معطلی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا، جبکہ ان کی جگہ نئے افسران بھی تعینات کر دیے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر محمد سلمان کو پمز کا نیا ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر محمد سلمان نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ کے چیف ایگزیکٹو کے عہدے کا اضافی چارج بھی سنبھالیں گے۔ ان کی تعیناتی ڈیپوٹیشن پر تین سال کے لیے کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ پمز کے ای این ٹی ڈاکٹر الطاف کو جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹر تعینات کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے پمز سانحے کے معاملے پر ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عمران سکندر سمیت 8 افسران کو معطل کرنے کی منظوری دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں : پمز سانحہ: بچے کی جان بچانے والی نرس کے لیے وزیراعظم کا ایک کروڑ انعام اور ستارۂ خدمت کا اعلان

معطل ہونے والے افسران میں پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عمران سکندر، جوائنٹ ایگزیکٹو ڈائریکٹرز ڈاکٹر مطاہر شاہ اور ڈاکٹر اویس شاہ شامل ہیں۔

اسی طرح نیونیٹل ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ پروفیسر ڈاکٹر سعدیہ ریاض، سینئر رجسٹرار ڈاکٹر نغم، ڈاکٹر نوشیلہ امجد، پمز کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سیکیورٹی محمد عثمان اور سی ڈی اے کی ایمرجنسی سروس کے ڈی جی ڈاکٹر عبدالرحمان کو بھی معطل کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں سیکیورٹی پر مامور کمپنی اور اس کے عہدیداران کے خلاف بھی کارروائی کی منظوری دی گئی۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے سانحہ پمز کے دوران اپنی جان کی پروا کیے بغیر بچے کی جان بچانے والی نرس کے لیے ستارۂ خدمت دینے کی منظوری بھی دی ہے۔

Scroll to Top