اسلام آباد: ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں گرمی اور حبس نے شہریوں کو پریشان کر رکھا ہے تو کہیں بادل برسنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں کے موسم کے حوالے سے اہم پیشگوئی جاری کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی خیبر پختونخوا، شمال مشرقی پنجاب اور کشمیر میں بعض مقامات پر بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں گرمی اور حبس کی شدت برقرار ہے، جس کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں، جبکہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں ہوا چلنے کا سلسلہ بند ہونے کے باعث حبس کی کیفیت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری جبکہ زیادہ سے زیادہ 37 ڈگری رہنے کی توقع ہے۔ شہر میں ہوا کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ جبکہ نمی کا تناسب 73 فیصد تک رہنے کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ملاکنڈ سوات موٹر وے پر فلائنگ کوچ اور ڈمپر میں خوفناک تصادم، 4 جاں بحق، 7 زخمی
دوسری جانب کراچی میں مطلع ابر آلود ہے اور بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 26.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ اس وقت جنوب مغرب سے 19 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، جبکہ شہر میں بوندا باندی کا امکان برقرار ہے۔





