سوات میں دشوار گزار فلک سر پہاڑ پر تقریباً 5 ہزار میٹر کی بلندی پر ڈیڑھ ماہ سے موجود تحصیل خوازہ خیلہ سے تعلق رکھنے والے معروف کوہ پیما میاں سید علی شاہ کی میت کی ریکوری کے لیے شروع کیا گیا ہیلی کاپٹر آپریشن نامساعد موسمی حالات کے باعث ملتوی کر دیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق میاں سید علی شاہ کی میت کی موجودگی کی تصدیق 5 نوجوانوں نے ڈرون کیمرے کے ذریعے کی، جس کے بعد میت کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے محفوظ طریقے سے نیچے منتقل کرنے کے لیے فضائی آپریشن شروع کیا گیا۔
تاہم تیز ہواؤں، خراب موسم، پہاڑ کے خطرناک زاویے اور ہیلی کاپٹر کی تکنیکی صلاحیتوں میں مطابقت نہ ہونے کے باعث فضائی ریسکیو آپریشن کو آگے نہیں بڑھایا جا سکا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فلک سر کی چوٹی انتہائی دشوار گزار ہونے کے باعث ریسکیو ٹیم کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ہیلی کاپٹر آپریشن ملتوی ہونے کے بعد اب ماہر کوہ پیماؤں اور تجربہ کار ٹیم کے ذریعے پیدل ریکوری آپریشن کا لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے۔
ریسکیو آپریشن کی قیادت 6 بریگیڈ کے بریگیڈیئر عامر احمد کر رہے ہیں، جو آپریشن کی کمانڈ کے لیے کالام پہنچ چکے ہیں۔ کالام پہنچنے پر اے اے سی بحرین جنید اسماعیل، ڈی ایس پی سرکل مدین جانزیب خان، ایس ایچ او کالام اور ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے ان کا استقبال کیا۔
یہ بھی پڑھیں: میاں سید علی شاہ کی میت کی ریکوری کیلئے ریسکیو آپریشن، بریگیڈیئر عامر کالام پہنچ گئے
ذرائع کے مطابق میت کی ریکوری کے لیے آئی جی ایف سی کی جانب سے ہیلی کاپٹر بھی بھجوایا گیا تھا، جبکہ آپریشن کی نگرانی اور کمانڈ بریگیڈیئر عامر احمد کر رہے ہیں۔
دوسری جانب ایم این اے ڈاکٹر امجد علی خان نے کہا ہے کہ معروف کوہ پیما سید علی شاہ کی میت کو فلک سر کی ’’منی کے ٹو‘‘ چوٹی سے ریکور کرنے کے لیے ہیلی کاپٹر آپریشن کی منظوری دلوائی گئی تھی۔
اہلِ خانہ اور مقامی افراد نے امید ظاہر کی ہے کہ ماہر کوہ پیماؤں اور ریسکیو ٹیم کی مدد سے میاں سید علی شاہ کی میت کو جلد بحفاظت نیچے لایا جائے گا۔





