لکی مروت میں پولیس اور سی ٹی ڈی کا سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن، مطلوب دہشت گردوں کے ٹھکانے مسمار

تھانہ سٹی کی حدود میں لکی پولیس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ٹیپو گل گروپ کے ذیلی کمانڈر ارشد نواز عرف مزیگرے گروپ کے مبینہ دہشت گردوں کے خلاف بڑا سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشن کیا۔

پولیس کے مطابق آپریشن کی قیادت ایس ڈی پی او لکی نے کی جبکہ سی ٹی ڈی لکی، ایس ایچ او سٹی لکی اور آر آر ایف پولیس لائنز کے اہلکاروں نے بکتر بند گاڑیوں کے ہمراہ کارروائی میں حصہ لیا۔

پولیس کے مطابق آپریشن کا دائرہ شیخ خولہ، عبدالخیل، شاہ حسن خیل، سربند اور وندہ خانہ گل سمیت پہاڑی علاقوں تک پھیلایا گیا، جہاں مختلف مشکوک مقامات کی تلاشی لی گئی۔

کارروائی کے دوران گاؤں عبدالخیل میں مطلوب مبینہ دہشت گردوں جنید اور منظور کے ٹھکانوں کو مسمار کردیا گیا، پولیس کے مطابق دونوں افراد ایف سی اہلکاروں کے اغوا، نارکوٹکس اہلکار اور جیل پولیس اہلکار کی ٹارگٹ کلنگ سمیت دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ماشکیل آپریشن میں دہشتگردوں کی کمر توڑ دی گئی، بی ایل اے کارندے دم دبا کر بھاگ نکلے، 8 دہشتگرد مارے گئے

پولیس کے مطابق گھر گھر تلاشی کے دوران دو مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ ایک پستول اور مختلف وارداتوں میں استعمال ہونے والی دو موٹر سائیکلیں بھی تحویل میں لے لی گئیں۔

آئی جی خیبر پختونخوا نے کامیاب کارروائی پر لکی پولیس اور سی ٹی ڈی کی ٹیم کو خصوصی شاباش دی ہے، آئی جی پی نے کہا کہ ریاستی رٹ برقرار رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ٹارگٹڈ سرچ اینڈ اسٹرائیک آپریشنز مزید تیز کیے جائیں گے۔

پولیس حکام نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔

Scroll to Top