ترکیہ کے یومِ فتح پر آئی ایس پی آر کا خصوصی نغمہ دو دل، ایک جان جاری

اسلام آباد: ترکیہ کے 104ویں یومِ فتح کے موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے پاک ترک دوستی کے جذبے کو اجاگر کرنے کے لیے خصوصی نغمہ ”دو دل، ایک جان“ جاری کردیا۔

خصوصی نغمے میں پاکستانی فنکاروں نے اردو اور ترک زبان میں اپنی آواز کا رنگ بھرتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات، مشترکہ ثقافت اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان باہمی محبت کو خوبصورت انداز میں پیش کیا ہے۔

”دو دل، ایک جان“ کی موسیقی علی مصطفیٰ نے ترتیب دی ہے، جبکہ اس کی کمپوزیشن کامران اللہ خان اور سامعہ گوہر نے تیار کی۔ نغمے کو عثمان رئیس اور ڈاکٹر مبشرہ حفیظ نے اپنی آوازوں سے سجایا ہے۔

اس خصوصی پیشکش کی نمایاں خصوصیت یہ ہے کہ نغمے میں اردو اور ترک زبان کا امتزاج پیش کیا گیا ہے، جبکہ اس میں شریک تمام گلوکار اور فنکار پاکستانی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ گئے، آئی ایس پی آر

نغمے کے ذریعے پاکستان اور ترکیہ کی مشترکہ ثقافت، اقدار اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلق کو بھی نمایاں کیا گیا ہے۔

نغمے کی موسیقی میں رباب، ترکیہ کے روایتی ساز باقلاما اور دربوکا کی دلکش آوازوں کو شامل کیا گیا ہے، جو پاک ترک دوستی کے جذبے کو موسیقائی انداز میں اجاگر کرتی ہیں۔

”دو دل، ایک جان“ اردو اور ترک زبان کے حسین امتزاج کے ذریعے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان قائم لازوال دوستی، بھائی چارے، باہمی محبت اور مشترکہ اقدار کی عکاسی کرتا ہے۔

Scroll to Top