خیبرپختونخوا میں پیپر لیس گورننس کے فروغ کیلئے اہم اقدام، آئی ٹی بورڈ اور کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں معاہدہ

Pakistan SCO Summit 2026

پشاور: خیبرپختونخوا میں پیپر لیس گورننس کے فروغ اور عوام کو جدید ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی کے لیے ایک اور اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ اور کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔

معاہدے کے تحت کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی میں ای گورننس، کاروباری سہولیات اور سیاحتی خدمات کو ڈیجیٹل بنایا جائے گا، جبکہ اتھارٹی کے تمام دفتری امور اور ریکارڈ بھی ڈیجیٹائز کیے جائیں گے۔

مفاہمتی یادداشت پر منیجنگ ڈائریکٹر خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ ڈاکٹر عاکف خان اور ڈائریکٹر جنرل کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی شیراز خان نے دستخط کیے۔

صوبائی وزیر اطلاعات و سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی شفیع جان نے کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت پیپر لیس گورننس، سیاحت کے فروغ اور کاروبار میں آسانی کی جانب عملی پیشرفت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپر لیس گورننس کے ذریعے وقت اور سرکاری وسائل کی بچت کے ساتھ ساتھ شفافیت کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

شفیع جان نے کہا کہ سیاحت سمیت ہر شعبے میں ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال یقینی بنایا جائے گا، جبکہ ڈیجیٹل اقدامات کا مقصد عوام کو تیز، شفاف اور آسان خدمات کی فراہمی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو مفت الیکٹرک اسکوٹیز دینے کی منظوری

انہوں نے کہا کہ سیاحتی مقامات کو بھی ڈیجیٹل سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔

معاہدے کے تحت ریگولیٹری منظوریوں اور این او سیز کے حصول کے لیے آن لائن پلیٹ فارم قائم کیا جائے گا، جبکہ کاروباری افراد آن لائن فیڈبیک دینے، درخواستوں کی ٹریکنگ اور ڈیجیٹل فیس کی ادائیگی کی سہولت سے بھی استفادہ کرسکیں گے۔

اس کے علاوہ سیاحوں کی سہولت کے لیے “کاغان” کے نام سے موبائل ایپلی کیشن بھی متعارف کرائی جائے گی، جس پر سیاحتی مقامات، رہائش، نقشوں اور ہنگامی الرٹس سمیت مختلف سہولیات دستیاب ہوں گی۔

خیبرپختونخوا حکومت کے مطابق یہ اقدامات سرکاری امور کو جدید خطوط پر استوار کرنے، کاروباری سرگرمیوں میں آسانی پیدا کرنے اور سیاحوں و شہریوں کو بہتر ڈیجیٹل خدمات فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہیں۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top