وزیراعظم شہبازشریف نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ نیپالی سفارتخانے کا دورہ کیا اور سیلاب متاثرین سے تعزیت کی، اس موقع پر وزیراعظم نے برادر ملک میں سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان بھیجنے کا کا اعلان بھی کیا ۔
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں نیپال کے سفارتخانے کا دورہ کیا اور وہاں رکھی گئی تعزیتی کتاب میں نیپال میں حالیہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
سفارتخانے آمد پر نیپال کی سفیر ریٹا دھیتال نے وزیراعظم کا استقبال کیا، جبکہ اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ہمراہ تھے۔
وزیراعظم نے حکومت اور عوام کی جانب سے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں نیپال کے ساتھ کھڑا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نیپال میں سیلاب سے ہلاکتیں 626 ہوگئیں، ہزاروں لاپتہ افراد کی تلاش جاری
انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان رواں ہفتے کے آخر میں نیپال کے لیے ہنگامی امدادی سامان روانہ کرے گا تاکہ بحالی کے کاموں میں مدد مل سکے۔
اس موقع پر نیپالی سفیر نے اس بروقت یکجہتی اور تعاون پر پاکستانی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔





