وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے واضح کیا ہے کہ سانحہ پمز کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا آغاز اگلے دو سے تین دن میں ہو جائے گا اور اس ضمن میں فوجداری قوانین کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ واقعے کی ابتدائی رپورٹ سامنے آنے کے بعد ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت آٹھ متعلقہ افراد کو پہلے ہی معطل کیا جا چکا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تحقیقاتی کمیٹی آئندہ دو روز کے اندر اپنی حتمی رپورٹ پیش کر دے گی، جس میں ان تمام معطل افراد کی غفلت اور کوتاہی کا انفرادی طور پر تعین کیا جائے گا۔
ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے بتایا کہ حتمی رپورٹ ملنے کے بعد ان 8 افراد کے خلاف انفرادی سطح پر مقدمات کا اندراج کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اس سانحے کی الگ سے تفتیش بھی کر رہی ہے اور جلد تمام حقائق عوام کے سامنے آ جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سانحہ پمز : وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس، 8 افسران فوری معطل، فوجداری کارروائی کا حکم
وفاقی وزیر نے یہ بھی بتایا کہ وزارت کا قانونی شعبہ اس حساس معاملے پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور تمام قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی قسم کے کاغذی نقائص کے بغیر شفاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔





