کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے سیکٹر 11 ایل میں ایک سرکاری اسکول کی دیوار منہدم ہونے کے المناک حادثے میں 5 افراد جاں بحق اور 2 شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس حکام کے مطابق، ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے افراد مبینہ طور پر نشے کے عادی تھے جو خستہ حال دیوار سے لوہے کا سریہ نکالنے میں مصروف تھے۔
دیوار کو نقصان پہنچانے کی وجہ سے اس کا ڈھانچہ کمزور ہوا اور وہ اچانک ان پر آ گری، تاہم، پولیس نے واقعے کی ہر پہلو سے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ایدھی فاؤنڈیشن کی ایمبولینسز اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔
امدادی کارروائیوں کے دوران ملبے سے 5 لاشیں اور 2 زخمیوں کو نکال کر فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اتنی بڑی تعداد میں اموات اور زخمیوں کے پہنچنے پر اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا۔





