لکی مروت میں دو پولیس مقابلے، تین اشتہاری ڈاکوؤں سمیت پانچ افراد ہلاک

Pakistan SCO Summit 2026

غلام اکبر مروت

لکی مروت : لکی مروت میں پولیس کی مختلف کارروائیوں اور فائرنگ کے واقعات کے دوران تین اشتہاری ڈاکوؤں سمیت پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔ پولیس نے کارروائیوں کے دوران اسلحہ بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس کے مطابق تھانہ پیزو کی حدود میں شیخ بدین کے پہاڑی علاقے میں خفیہ اطلاع پر سرچ آپریشن کیا گیا۔ ڈی پی او لکی مروت سجاد احمد صاحبزادہ کی خصوصی ہدایات پر ایس ایچ او پیزو کی قیادت میں پولیس پارٹی نے علاقے میں کارروائی کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران مسلح ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کردی، جس پر اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزمان ہلاک ہوگئے، جن میں انتہائی مطلوب اشتہاری ملزم طاہر شاہ بھی شامل ہے۔

پولیس کے مطابق طاہر شاہ قتل، اقدام قتل، ڈکیتی، چوری، اسلحہ اور منشیات سمیت مختلف نوعیت کے 11 مقدمات میں مطلوب تھا۔ پولیس نے اسے پہاڑی علاقوں میں مسافروں اور ڈرائیوروں کو لوٹنے والے گروہ کا سرغنہ قرار دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مسلم لیگ ن کے سابق چیئرمین بلدیہ فائرنگ سے جاں بحق

دوسرے ہلاک ملزم کی شناخت عابد ولد زرولی کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس نے دونوں ملزمان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرکے تحویل میں لے لیا، جبکہ علاقے میں سرچ آپریشن بھی جاری رکھا گیا۔

دوسری جانب مشہ منصور کے قریب فائرنگ کے ایک الگ واقعے میں دو اشتہاری ڈاکوؤں سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں چوارخیل کا رہائشی بدنام زمانہ اشتہاری آفتاب اور اس کا ساتھی بلاول ولد شوکت اللہ شامل ہیں، جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہگیر افتخار علی سکنہ مشہ منصور بھی جاں بحق ہوگیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ آفتاب اور بلاول پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب تھے۔ واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کیے، جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top