لاہور: صوبائی وزیر اور چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کو صوبے میں داخلے کے موقع پر سکیورٹی فراہم کرکے ایک ذمہ دار حکومت ہونے کا ثبوت دیا ہے۔
اپنے بیان میں خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے متعدد مرتبہ سہیل آفریدی کے عملے اور خیبر پختونخوا حکومت سے روٹ کے حوالے سے معلومات طلب کی گئیں، تاہم اس معاملے میں کوئی تعاون نہیں کیا گیا۔
صوبائی وزیر کے مطابق سہیل آفریدی کی جانب سے نازیبا اور غیر پارلیمانی گفتگو کے باوجود پنجاب پولیس نے انہیں مکمل سکیورٹی فراہم کی۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے کون سے دو اہم مقاصد ہیں؟ رانا ثنا اللہ نے بتادیا
خواجہ سلمان رفیق نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی آمد کے باعث شہریوں کو سارا دن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ مریض ایمبولینسز میں پھنسے رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کو اس صورتحال پر عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔
صوبائی وزیر نے دعویٰ کیا کہ سہیل آفریدی اپنے گارڈز کے ہمراہ پولیس کی گاڑی پر سیر و تفریح کے بعد فٹ پاتھ پر بیٹھ گئے، تاہم عوام نے ان پر توجہ نہیں دی۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت پنجاب قانون کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتی ہے۔





