برمنگھم ٹیسٹ میچ میں اپنی شاندار بولنگ کے جوہر دکھانے والے مردان کے ابھرتے ہوئے نوجوان فاسٹ بولر رضا اللہ وطن واپس پہنچ گئے ہیں، اسلام آباد ایئرپورٹ پر ان کے رشتہ داروں، دوستوں اور مداحوں کی بڑی تعداد نے ان کا بھرپور استقبال کیا۔
ایئرپورٹ آمد پر قومی کرکٹر کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے، جبکہ فضا ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھی۔
اس کے بعد رضا اللہ کو ایک شاندار جلوس کی صورت میں ان کے آبائی علاقے منصب کلی لایا گیا، جہاں مقامی سیاسی رہنماوں اور شہریوں نے ڈھول کی تھاپ اور بھنگڑوں کے ساتھ ان کا استقبال کیا اور ان کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب بھی منعقد کی گئی۔
تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے قومی فاسٹ بولر رضا اللہ کا کہنا تھا کہ یہ کامیابی اکیلے ان کی نہیں بلکہ پورے مردان اور پاکستان کی فتح ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آل راونڈر رضا اللہ نے ڈیبیو پر ہی کئی ریکارڈز اپنے نام کرلئے
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وہ مستقبل میں قومی ٹیم کے لیے مزید محنت کریں گے اور اس سے بھی بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔





