کوئٹہ: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران 11 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے اضلاع پنجگور اور چاغی میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں کیں، جن میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 11 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجگور کے علاقے گوارگو میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران 5 دہشتگرد مارے گئے، جبکہ چاغی کے علاقوں امین آباد اور سیاہ چنگ میں کیے گئے آپریشنز کے دوران مزید 6 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : را اور طالبان کا مبینہ گٹھ جوڑ، بی ایل اے اور ٹی ٹی پی سے متعلق اہم انکشافات
سکیورٹی ذرائع کے مطابق چاغی میں امین آباد اور سیاہ چنگ کے علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کی گئیں۔
کارروائیوں کے بعد ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے خلاف کارروائیاں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت جاری ہیں۔





