بی آر ٹی پشاور کے ترقیاتی کاموں میں سست روی، حکومت نے تفصیلات طلب کرلیں

پشاور: صوبائی حکومت نے بی آر ٹی پشاور کے مختلف ترقیاتی منصوبوں میں سست روی کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

اس سلسلے میں معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ سمیع اللہ خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں ٹرانس پشاور منصوبے سے متعلق پی ڈی اے کے دائرہ کار میں جاری سول ورکس اور دیگر ترقیاتی امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں مال آف حیات آباد، چمکنی اور ملک سعد فلائی اوور کے ریچ ون، ملک سعد فلائی اوور تا امن چوکی ریچ ٹو، جبکہ امن چوکی سے کارخانو مارکیٹ ریچ تھری سمیت مختلف مقامات پر جاری سول ورکس کی رفتار، پیش رفت اور موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : میڈیکل کالجز میں داخلوں کیلئے ایم ڈی کیٹ، امتحان کل صبح 10 بجے ہوگا

اجلاس میں منصوبوں کی تکمیل کے لیے آئندہ کی ٹائم لائنز پر بھی غور کیا گیا اور متعلقہ حکام کو ترقیاتی کام مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔

صوبائی حکومت نے مختلف سٹیشنوں پر سول ورکس اور دیگر کاموں میں سست روی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے کام کی رفتار بہتر بنانے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں واضح کیا گیا کہ بی آر ٹی کے ترقیاتی منصوبوں میں تعمیراتی کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے۔

حکام کو جاری ترقیاتی کاموں کی باقاعدگی سے نگرانی اور پیش رفت سے متعلق تفصیلات پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

Scroll to Top