اسلام آباد مارچ، آئی جی خیبرپختونخوا کا پولیس افسران و اہلکاروں کیلئے مراسلہ جاری

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کے اسلام آباد لانگ مارچ کے پیش نظر خیبرپختونخوا پولیس نے صوبے کے تمام پولیس یونٹس، سی سی پی او پشاور، ریجنل پولیس افسران اور ضلعی پولیس افسران کو عدالتی احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔

آئی جی خیبرپختونخوا پولیس کے دفتر سے 18 ستمبر کو جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی سرکاری افسر یا اہلکار کو اسلام آباد کی جانب جانے والے مارچ، ریلی یا جلوس میں مدد یا سہولت فراہم کرنے کے لیے کسی کے حکم کا پابند نہیں کیا جائے گا۔

مراسلے کے مطابق اگر کسی سرکاری افسر یا اہلکار کو اس نوعیت کا کوئی حکم موصول ہو تو وہ فوری طور پر متعلقہ چیف سیکریٹری، چیف کمشنر، آئی جی پولیس یا متعلقہ اتھارٹی کو آگاہ کرے گا۔

عدالتی ہدایات کے مطابق سرکاری افسران یا اہلکار ایسے افراد کو اسلام آباد کی جانب مارچ، ریلی یا جلوس میں شرکت کی اجازت نہیں دے سکتے جس سے شہریوں کی آزادانہ نقل و حرکت، کاروبار، تجارت، تعلیمی اداروں، طبی سہولیات یا جائیداد کے قانونی استعمال پر منفی اثر پڑے۔

آئی جی آفس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے مارچ، ریلی یا جلوس کے لیے سرکاری وسائل، عوامی فنڈز، سرکاری گاڑیوں، مشینری یا دیگر آلات کے براہ راست یا بالواسطہ استعمال، فراہمی یا جمع کرنے پر بھی پابندی عائد کی ہے۔

مراسلے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ کسی سرکاری ملازم کو اسلام آباد کی جانب جانے والے کسی مارچ، ریلی یا جلوس میں شرکت کے لیے مجبور، ترغیب یا کسی اور طریقے سے پابند نہیں کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں : 27 ستمبر کا لانگ مارچ حتمی، تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، شفیع اللہ جان

آئی جی پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ سرکاری افسران پر دباؤ یا ترغیب کی صورت میں براہ راست رابطے کا مؤثر نظام برقرار رکھا جائے، جبکہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے سرکاری افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

خیبرپختونخوا پولیس نے تمام یونٹ سربراہان، آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے اور اپنے ماتحت افسران و اہلکاروں کو ان ہدایات سے آگاہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

پولیس کے مطابق جبر یا دباؤ سے متعلق شکایات درج کرانے کے لیے ٹول فری پولیس ہیلپ لائن 080000400 اور آپریشنز برانچ کا لینڈ لائن نمبر 0919210457 چوبیس گھنٹے دستیاب رہے گا۔

مراسلے کی نقول رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے دفتر، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس اور ایڈیشنل آئی جی آپریشنز کو بھی ارسال کردی گئی ہیں۔

Scroll to Top