کوہاٹ سانحہ: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی شہداء کے اہلخانہ سے ملاقات

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کوہاٹ پولیس لائنز دہشت گردی واقعے کے شہداء کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کوہاٹ واقعے میں دہشت گردوں کا بہادری سے مقابلہ کرنے والے پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء نے قوم کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔

وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ 2004 سے خیبرپختونخوا مسلسل دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے۔ ان کے بقول 22 سال سے ایک ایسی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے جو مطلوبہ نتائج نہیں دے رہی، اس لیے پالیسی تبدیل کرنے کا وقت آگیا ہے۔

انہوں نے افغانستان کے ساتھ تعلقات اور سرحدی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات بہتر نہیں ہوئے اور بارڈر کی بندش سے خیبرپختونخوا کو معاشی نقصان کا سامنا ہے۔ وزیراعلیٰ کے مطابق گزشتہ مالی سال صوبے کو 8 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا جبکہ رواں مالی سال بھی مسلسل سرحدی بندش کے باعث معاشی نقصان کا خدشہ ہے۔

محمد سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا کہ صوبائی حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پالیسی دے رہی ہے، تاہم وفاقی حکومت اور اداروں کی توجہ ان کے بقول پی ٹی آئی اور عمران خان کے خلاف کارروائیوں پر مرکوز ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کوہاٹ پولیس لائنز حملہ، ایلیٹ فورس، سی ٹی ڈی اور سکیورٹی فورسز کا آپریشن مکمل، 8 دہشتگرد ہلاک

انہوں نے وفاقی حکومت کی دہشت گردی سے متعلق پالیسی کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوام کا تحفظ اور دہشت گردی کا خاتمہ اولین ترجیح ہونا چاہیے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے پولیس کو جدید اسلحے سے لیس کرنے کے لیے 35 ارب روپے اضافی فراہم کیے ہیں جبکہ مالی سال 2026-27 میں پولیس کا بجٹ بڑھا کر 190 ارب روپے کردیا گیا ہے۔ ان کے مطابق پولیس کو مضبوط کیے بغیر صوبے میں پائیدار امن قائم نہیں کیا جاسکتا۔

محمد سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ جو شہداء حکومتی شہداء پیکیج کے دائرہ کار میں نہیں آتے، ان کے خاندانوں کو بھی مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کوہاٹ ڈی ایچ کیو اسپتال کو ضروری اور اہم طبی آلات فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے سے متاثرہ مسجد اور اسپیشل برانچ پولیس اسٹیشن کی تعمیر نو بھی کرائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوہاٹ میں ایک ہزار بستروں پر مشتمل ہسپتال کا اعلان پہلے ہی کیا جاچکا ہے اور اسے کم سے کم مدت میں مکمل کیا جائے گا۔

اس موقع پر اراکین قومی اسمبلی شہریار آفریدی اور داؤد آفریدی جبکہ صوبائی وزراء شفیع جان اور آفتاب عالم بھی موجود تھے۔

Scroll to Top