وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ نے پیٹرول ریلیف اسکیم سے متعلق پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 14 سے 19 ستمبر تک ساڑھے 17 لاکھ شہری اسکیم میں رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کی سہولت کے لیے رجسٹریشن میسج بالکل مفت کرنے اور ایک ٹوکن پر 5 لیٹر پیٹرول کی حد ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر کے مطابق اسکیم کے تحت 100 روپے فی لیٹر رعایتی نرخوں پر پیٹرول فراہم کیا جا رہا ہے۔ اب 5 لیٹر سے کم پیٹرول ڈلوانے والے موٹر سائیکل، رکشہ اور چنگچی مالکان کو ہفتے میں 500 روپے کی رعایت ملے گی۔
انہوں نے مثال دیتے ہوئے بتایا کہ اگر کوئی شہری ٹوکن کے ذریعے 2 لیٹر پیٹرول ڈلواتا ہے جس کی قیمت 780 روپے بنتی ہے تو 500 روپے کی رعایت کے بعد اسے صرف 280 روپے ادا کرنے ہوں گے۔
شزا فاطمہ نے بتایا کہ یکم جنوری کے بعد رجسٹرڈ ہونے والی تمام موٹر سائیکلیں، رکشے اور چنگچی بھی اس اسکیم کے اہل ہوں گے۔ اعداد و شمار کے مطابق اسکیم میں 91.6 فیصد رجسٹریشن دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کی ہوئی جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کا تناسب 8.4 فیصد رہا۔
یہ بھی پڑھیں : 27 ستمبر کا لانگ مارچ حتمی، تاریخ میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، شفیع اللہ جان
انہوں نے رجسٹریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 14 ستمبر کو 38 ہزار 974، 15 ستمبر کو 1 لاکھ 49 ہزار 412، 16 ستمبر کو 3 لاکھ 49 ہزار 935 اور 17 ستمبر کو 3 لاکھ 85 ہزار 406 شہریوں نے رجسٹریشن کروائی۔ جبکہ 18 ستمبر کو ایک ہی دن میں 5 لاکھ 11 ہزار 961 شہری رجسٹرڈ ہوئے جو کہ اب تک کا مصروف ترین دن رہا۔
وفاقی وزیر کے مطابق اب تک کل 14 لاکھ 93 ہزار 848 شہریوں کو فیول ٹوکن جاری کیے جا چکے ہیں۔





