سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر متعدد بھارتی اکاؤنٹس کی جانب سے ایک ہی وقت میں ایک منظم مہم کے تحت یہ من گھڑت اور جھوٹا دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ حوثی باغیوں نے سعودی عرب کے شاہ عبدالعزیز ایئر بیس پر ڈائریکٹ حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں وہاں پاک فضائیہ کے تین جی ایف-17 (JF-17) جنگی طیارے تباہ ہو گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر کیا دعویٰ کیا جا رہا ہے؟
بھارتی اکاؤنٹس کی جانب سے انگریزی میں ایک مخصوص متن شیئر کیا جا رہا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حوثیوں نے شاہ عبدالعزیز ایئر بیس پر 6 سے زائد میزائل داغے جن سے ہینگرز کو نقصان پہنچا اور چینی ساختہ 3 پاکستانی جی ایف-17 طیارے تباہ ہو گئےجبکہ اس کے ساتھ ہی مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کی افادیت پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔
فیکٹ چیک اور حقیقت
تحقیقات اور سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سوشل میڈیا پر پھیلایا جانے والا یہ تمام مواد سراسر جھوٹ، من گھڑت اور گمراہ کن پروپیگنڈے پر مبنی ہے۔ شاہ عبدالعزیز ایئر بیس پر حوثی باغیوں کے ایسے کسی حملے یا پاک فضائیہ کے طیاروں کو نقصان پہنچنے کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
سوشل میڈیا اکاؤنٹس کا جائزہ لینے سے واضح ہوتا ہے کہ یہ پروپیگنڈا نیٹ ورک کے تحت چلنے والے اکاؤنٹس (SMAs) کا ایک باقاعدہ ہینڈلنگ گروپ ہے جو ایک ہی ٹیکسٹ کو کاپی پیسٹ کر کے زبردستی ٹرینڈ بنانے اور پاک سعودی دفاعی تعلقات کے حوالے سے منفی تاثر پیدا کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔
نتیجہ
شاہ عبدالعزیز ایئر بیس پر حوثی حملے اور پاک فضائیہ کے طیاروں کی تباہی کا دعویٰ مکمل طور پر فیک (Fake) اور بھارتی پروپیگنڈے کا حصہ ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ سوشل میڈیا پر غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹس کی افواہوں پر یقین نہ کریں۔





