بلوچستان کے ضلع قلات کے قریب سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم 5 دہشتگردوں کو اپنے انجام تک پہنچا دیا ،کامیاب کارروائی میں 23 مغویوں کو بھی بازیاب کرالیا گیا اوردہشتگردوں کے ٹھکانے سے 6 ٹرک، 3 بسیں اور 2 کاریں بھی برآمد کی گئیں ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 18 اور 19 ستمبر 2026 کی درمیانی شب دہشتگردوں نے قلات کے قریب پاکستان ہائی وے چمن کراچی این 25 پر لوگوں کی پُرامن آمدورفت میں خلل ڈالنے کی کوشش کی۔
دہشتگردوں نے قومی شاہراہ پر ایک چیک پوسٹ قائم کر رکھی تھی، جس کا مقصد لوگوں کو اغوا کرکے تاوان وصول کرنا، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننا تھا۔
سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی میں 5 دہشتگرد ہلاک ہوگئے،آئی ایس پی آرکے مطابق ہلاک ہونے والے دہشتگرد فتنہ الہندوستان سے وابستہ بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے پراکسی گروہ کے ارکان تھے۔
قبل ازیں کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانے سے 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرالیا، اس دوران فورسز نے دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا۔
سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران ہشتگردوں کے ٹھکانے سے 6 ٹرک، 3 بسیں اور 2 کاریں بھی برآمد کی گئیں، دہشتگرد ان گاڑیوں کو مبینہ طور پر لوگوں کو یرغمال بنانے اور دیگر مجرمانہ سرگرمیوں کیلئے استعمال کر رہے تھے۔
سکیورٹی فورسز نے کامیاب کارروائی کے ذریعے دہشتگردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیےعلاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ باقی ماندہ دہشتگردوں کا خاتمہ کیا جاسکے اور مقامی آبادی سمیت اہم قومی شاہراہوں کی حفاظت یقینی بنائی جاسکے ۔
ترجمان پاک فوج کا مزید کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے عزم استحکام کے تحت دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔





