پشاور سمیت خیبرپختونخوا میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ، امیدواروں کے لیے اہم ہدایات جاری

سلمان یوسفزئی

پشاور: پشاور سمیت خیبرپختونخوا بھر میں میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج ایڈمیشن ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) آج منعقد ہورہا ہے، جس میں 16 ہزار 502 سے زائد امیدوار شریک ہیں۔

ایٹا حکام کے مطابق ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں 8 ہزار 226 طالبات بھی حصہ لے رہی ہیں، جبکہ پشاور میں امتحان کے لیے مجموعی طور پر 19 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ تمام 19 امتحانی مراکز کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں، جبکہ امتحانی مراکز کے باہر مرد پولیس اہلکاروں کے ساتھ خواتین پولیس اہلکار بھی تعینات ہیں۔

ایٹا حکام کے مطابق امتحانی مراکز کے اندر موبائل فون یا کسی بھی قسم کی ڈیجیٹل ڈیوائس لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ امیدواروں کو امتحانی ضوابط کی پابندی کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایم ڈی کیٹ 2026 آج ہوگا، ایک لاکھ 38 ہزار سے زائد امیدوار رجسٹرڈ

دوسری جانب ضلعی انتظامیہ نے ایم ڈی کیٹ کے دوران نقل کی روک تھام اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے امتحانی مراکز کے اطراف غیر متعلقہ افراد کے جمع ہونے پر دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق نقل کی روک تھام کے لیے پاکٹ گائیڈز کی خرید و فروخت پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ امتحانی مراکز کے اطراف سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کیے گئے ہیں۔

Scroll to Top