بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، انسانی اسمگلنگ ناکام، 103 افغان باشندے گرفتار

بلوچستان : سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع شیرانی کے علاقے دانا سر بائی پاس میں کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران خواتین اور بچوں سمیت 103 غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار افغان باشندوں کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق حراست میں لیے گئے افغان باشندے انسانی اسمگلروں کے ذریعے پاکستان، ایران اور پھر یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں پاک بحریہ اور کوسٹ گارڈز کا مشترکہ آپریشن، اسمگل شدہ شراب اور ادویات برآمد

ذرائع کا بتانا ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران حراست میں لیے گئے غیر قانونی افغان باشندوں کی مجموعی تعداد 129 ہوگئی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سرحدی علاقوں میں انسانی اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ غیر قانونی نقل و حرکت کی روک تھام اور سرحدی علاقوں میں قانون کی عملداری یقینی بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز اقدامات کر رہی ہیں۔

Scroll to Top