تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کے اعلان کے پیش نظر موٹر وے ایم ون کی بندش سے خیبر پختونخوا کو اشیائے خورونوش کی ترسیل متاثر ہونےکا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔
خیبر پختونخوا کو ملک کے دیگر حصوں سے اشیائے خورونوش کی ترسیل میں موٹر وے ایم ون اہم ذریعہ ہے، تاہم موٹر وے کی بندش سے اشیائے ضروریہ کی سپلائی متاثر ہونےکا خدشہ بڑھ گیا ہے۔
ترسیل کا سلسلہ متاثر ہونےکی صورت میں مارکیٹ پر اس کے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، جب کہ پہلے ہی مہنگائی کے باعث شہری مشکلات کا شکار ہیں۔
آٹا ،دالیں، چاول اور دیگر ضروری اشیاء کی سپلائی میں رکاوٹ برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں مارکیٹ میں قلت اور قیمتوں میں اضافےکا سامنا ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عطا تارڑ کا پشاور میں کارکنوں سے خطاب، خیبر پختونخوا سے تعلق برقرار رکھنے کا اعلان
دکانداروں کا کہنا ہےکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے پہلے ہی ترسیلی اخراجات بڑھ چکے ہیں، اب موٹر وے کی بندش سے سپلائی میں رکاوٹ پیدا ہوئی تو اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔
شہریوں اور تاجر برادری کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف لانگ مارچ کے بجائے صوبے کے عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائیں ، صوبے میں، آٹا، گھی، دالوں اور سبزیوں سمیت دیگر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں پہلے ہی بڑھ چکی ہیں ۔





