اسلام آباد: موجودہ صورتحال کے پیش نظر موٹروے اور ہائی ویز پر ٹریفک کی روانی سے متعلق نئی ایڈوائزری جاری کردی گئی ہے، جس کے تحت مختلف اہم شاہراہوں اور انٹرچینجز پر آمد و رفت محدود یا مکمل طور پر بند کردی گئی ہے۔
نئی ایڈوائزری کے مطابق ایم ون موٹروے پر پشاور سے کرنل شیر خان انٹرچینج تک دونوں اطراف ٹریفک کے لیے کھلی ہے، تاہم صوابی اور چھچھ سے اسلام آباد جانے والی سمت بند ہے جبکہ اسلام آباد سے پشاور جانے والی سائیڈ کھلی رکھی گئی ہے۔
ایم ون پر پشاور ٹول پلازہ، چارسدہ، رشکئی، ولی اور کرنل شیر خان انٹرچینجز کھلے ہیں، جبکہ صوابی اور چھچھ سے پشاور کی جانب سفر کی اجازت ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق غازی سے اسلام آباد تک ایم ون کے دونوں اطراف مکمل طور پر بند ہیں۔ ہزارہ انٹرلنک، برہان، براہمہ باہتر، سنجانی/اے ڈبلیو ٹی، فتح جنگ/ترنول اور اسلام آباد ٹول پلازہ کے انٹرچینجز بھی دونوں اطراف سے بند ہیں۔
دوسری جانب ایم 14 اور سی پیک موٹروے کو فتح جنگ/ہکلہ سے یارک تک دونوں اطراف سے ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔
اس روٹ پر ہکلہ/فتح جنگ، پنڈی گھیب، کھڑپہ، تراپ، داؤد خیل، کوٹ بلیاں، عیسیٰ خیل، کنڈل، عبدالخیل اور یارک سمیت مختلف انٹرچینجز شامل ہیں۔
ای 35 ہزارہ موٹروے کے حوالے سے جاری ایڈوائزری میں بتایا گیا ہے کہ جھاری کس سے مانسہرہ تک سڑک کھلی ہے، تاہم مانسہرہ سے جھاری کس کی سمت مکمل طور پر بند ہے۔
یہ بھی پڑھیں : موٹروے اور جی ٹی روڈ کی بندش، خیبر پختونخوا میں اشیائے خورونوش کی سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ
اسی طرح ایم ٹو موٹروے پر ہیوی ٹریفک کے لیے پابندی عائد ہے، جبکہ لائٹ ٹریفک کے لیے راستہ کھلا رکھا گیا ہے۔ ایڈوائزری کے مطابق ہیوی ٹریفک کو جی ٹی روڈ این فائیو کی جانب منتقل کیا جا رہا ہے۔
اٹک پل اور اٹک خورد کے مقام پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل بندش کی اطلاع دی گئی ہے۔
دوسری جانب جی ٹی روڈ این فائیو فی الحال ٹریفک کے لیے کھلی ہے اور مسافروں کو متبادل راستے کے طور پر اسے استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کی جانب سے مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ سفر شروع کرنے سے قبل متعلقہ راستے کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں، کیونکہ موجودہ صورتحال کے باعث مختلف شاہراہوں اور انٹرچینجز پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوسکتی ہے۔





