ملاکنڈ ڈویژن میں 118 اے ایس آئیز کو سب انسپکٹر کے عہدے پر ترقی

پشاور: ملاکنڈ ڈویژن میں پہلی مرتبہ ایک ساتھ 118 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز (اے ایس آئیز) کو سب انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔

ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ کی زیر صدارت محکمانہ پروموشن کمیٹی کا اہم اجلاس ریجنل پولیس آفس سیدو شریف میں ہوا، جس میں ملاکنڈ ڈویژن کے 9 اضلاع سے تعلق رکھنے والے 118 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو سب انسپکٹر کے عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد عمر خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بونیر سوات مشتاق احمد خان، ایس پی انویسٹی گیشن شانگلہ سلیم امان اللہ خان اور ریجنل آفس کے اے ڈی آئی جی نعیم خان نے شرکت کی۔

اس موقع پر آر پی او ملاکنڈ سید فدا حسن شاہ نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ترقی اعزاز کے ساتھ مزید ذمہ داری بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا پولیس ایکٹ 2026 کی منظوری، کابینہ کے اہم فیصلے

انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری، محنت اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ انجام دیں، عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور پولیس فورس کے وقار میں اضافے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔

آر پی او ملاکنڈ نے افسران پر زور دیا کہ وہ عوام کے اعتماد کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں ادا کریں۔

Scroll to Top