نورعلی وزیر
جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل وانا میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
سرکاری و خاندانی ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب شین ورسک کے رہائشی عبداللہ ولد محمد نور (جو محکمہ صحت میں کلرک تھے) اور ناور خان ولد محمد خان موٹر سائیکل پر سوار ہو کر گھر جا رہے تھے۔
زرائع کا مزید کہنا ہےکہ راستے میں نامعلوم ملزمان نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کر دی، جس سے دونوں افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ حادثے کے بعد لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وانا منتقل کر دیا گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ابتدائی معلومات کے مطابق بظاہر یہ ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کا واقعہ معلوم ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کا 5اکتوبر تک لانگ مارچ موخرکرنے کا فیصلہ
اہل علاقہ نے فائرنگ کے اس دلخراش واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے میں امن و امان کے قیام، شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے عملی و مؤثر اقدامات کیے جائیں۔





