پشاور کے علاقے حیات آباد میں واقع اقراء یونیورسٹی میں طلبہ کے احتجاج کے دوران ہوائی فائرنگ کے واقعے میں پولیس نے تین افراد کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق نجی یونیورسٹی میں طلبہ عدم سہولیات کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے کہ اس دوران سیکیورٹی گارڈز کی جانب سے مبینہ طور پر ہوائی فائرنگ کی گئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ حیات آباد سمیت پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور حالات کو قابو میں کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے واقعے میں کسی قسم کا جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، جبکہ احتجاج کرنے والے طلبہ کو منتشر کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





