کاشف عزیز
خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں کل بروز منگل 13 اکتوبر سے تمام معمولاتِ زندگی مکمل طور پر بحال ہو جائیں گے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق شہر میں تمام نجی و سرکاری ادارے کھل جائیں گے اور تمام سرکاری امور حسبِ معمول انجام دیے جائیں گے۔
خیبر پختونخوا حکومت نے ایک روزہ عام تعطیل کا نوٹیفکیشن ختم کر دیا ہے جس کے بعد تمام سرکاری دفاتر میں کام کاج دوبارہ شروع ہو جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ کل سے پشاور کے تمام سرکاری و نجی اسکولز کھلے رہیں گے اور تمام تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔
دوسری جانب ٹرانس پشاور انتظامیہ نے بھی اعلان کیا ہے کہ بی آر ٹی سروس کل سے مکمل طور پر بحال کر دی جائے گی اور بی آر ٹی کے تمام مین اور فیڈر روٹس پر مسافروں کو سروس معمول کے مطابق فراہم کی جائے گی۔





