نامزد اضلاع کے لیے نیا انتظامی ڈھانچہ تشکیل، پانچ سیکرٹریز تعینات

اعجاز آفریدی
پشاور: ایریا ڈیولپمنٹ سیکرٹریٹ (ADS) منسٹرز بلاک سول سیکرٹریٹ پشاور نے نامزد اضلاع (Designated Districts) کے لیے نیا انتظامی و تنظیمی ڈھانچہ متعارف کرا دیا ہے۔

 اس سلسلے میں 21 اکتوبر 2026 کو جاری کیے گئے مختلف نوٹیفکیشنز کے ذریعے محکموں کی نئی تقسیم اور پانچ سیکرٹریز کی تعیناتیوں کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری برائے نامزد اضلاع محمد یحییٰ اخونزادہ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشنز کے مطابق، یہ انتظامی اقدامات وفاقی حکومت کے کابینہ سیکرٹریٹ، کابینہ ڈویژن کے 11 اکتوبر 2026 کے آرڈر نمبر 2/2026 کے پیراگراف 7 (i) اور (vi) کے تحت حاصل اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے کیے گئے ہیں۔

نئے انتظامی نظام میں مختلف محکموں اور ان کے ماتحت اداروں کو پانچ سیکرٹریز کے سپرد کیا گیا ہے، جن میں ایڈمنسٹریشن اینڈ گورننس، ایجوکیشن اینڈ سوشل سیکٹر، فنانس اینڈ پلاننگ ڈیولپمنٹ، اکنامک ڈیولپمنٹ اور سیکیورٹی کے شعبے شامل ہیں۔

محکموں کی نئی تقسیم

جاری کردہ نوٹیفکیشنز کے مطابق سیکرٹری ایڈمنسٹریشن اینڈ گورننس کے دائرہ اختیار میں اسٹیبلشمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریشن، سائنس و ٹیکنالوجی اینڈ آئی ٹی، بورڈ آف ریونیو، اطلاعات، بین الصوبائی رابطہ اور بینیولنٹ فنڈ کے محکمے شامل ہوں گے۔

سیکرٹری ایجوکیشن اینڈ سوشل سیکٹر کو تعلیم، صحت اور سماجی بہبود سمیت متعدد محکموں کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ ان میں ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن، ہائر ایجوکیشن، آرکائیوز اینڈ لائبریریز، اوقاف، حج و مذہبی امور، زکوٰۃ و عشر، سوشل ویلفیئر، صحت، لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈیولپمنٹ، پاپولیشن ویلفیئر اور کلچر، ٹورازم، آرکیالوجی اینڈ میوزیمز شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ میں بیٹھ کر واٹس ایپ کے ذریعے پختونخوا کا نظامِ صحت چلانے والے نوشیروان کے کالے کارناموں کے تہلکہ خیز انکشافات

اسی طرح سیکرٹری فنانس اینڈ پلاننگ ڈیولپمنٹ فنانس، پلاننگ اینڈ ڈیولپمنٹ اور ریلیف، ری ہیبلیٹیشن اینڈ سیٹلمنٹ کے امور کے نگران ہوں گے۔

سیکرٹری اکنامک ڈیولپمنٹ کے سپرد تعمیرات و مواصلات (C&W)، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ، مائنز اینڈ منرلز، ہاؤسنگ، انڈسٹریز، لیبر، ٹرانسپورٹ، زراعت، آبپاشی، ماحولیات، جنگلات و وائلڈ لائف اینڈ کلائمیٹ چینج، انرجی اینڈ پاور، فوڈ اور فشریز اینڈ لائیو اسٹاک کے محکمے کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب سیکرٹری سیکیورٹی ہوم، لاء، ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کے محکموں کے معاملات دیکھیں گے، جبکہ سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز کی ذمہ داری بھی اسی شعبے کے تحت رکھی گئی ہے۔

پانچ افسران کی تعیناتیوں کے احکامات جاری

محکمہ ہیومن ریسورس مینجمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے 20 اکتوبر 2026 کو جاری ہونے والے نوٹیفکیشنز کے تسلسل میں عوامی مفاد کے پیش نظر پانچ افسران کو مختلف عہدوں پر فوری طور پر تعینات کرنے کے احکامات بھی جاری کیے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن نمبر PSO (D.D)/ADS/1-3/2026 کے تحت ڈاکٹر عدنان خان بیٹنی (PAS، BS-19) کو سیکرٹری ایڈمنسٹریشن اینڈ گورننس مقرر کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن نمبر PSO (D.D)/ADS/1-4/2026 کے مطابق ڈاکٹر قاسم علی خان (PMS، BS-19) کو سیکرٹری ایجوکیشن اینڈ سوشل سیکٹر کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔

عارف اللہ اعوان (PAS، BS-19) کو نوٹیفکیشن نمبر PSO (D.D)/ADS/1-2/2026 کے ذریعے سیکرٹری فنانس اینڈ پلاننگ ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ تعینات کیا گیا ہے۔

اسی طرح نوٹیفکیشن نمبر PSO (D.D)/ADS/1-6/2026 کے تحت محمد عابد خان وزیر (PAS، BS-19) کو سیکرٹری اکنامک ڈیولپمنٹ مقرر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : صوبائی انتظامیہ میں بڑا ردوبدل، اہم محکموں کے اعلیٰ افسران کی نئی تعیناتیاں، نوٹیفکیشن جاری

پانچویں تعیناتی کے تحت نوٹیفکیشن نمبر SO (D.D)/ADS/1-5/2026 کے ذریعے عبداللہ ناصر خان (PMS، BS-19) کو سیکرٹری سیکیورٹی تعینات کرتے ہوئے سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز کا اضافی چارج بھی تفویض کیا گیا ہے۔

متعلقہ حکام کو نوٹیفکیشنز ارسال

جاری کردہ احکامات کی نقول ضروری کارروائی اور اطلاع کے لیے وزیراعظم کے مشیر، صدر اور وزیراعظم پاکستان کے پرنسپل سیکرٹریز، وفاقی سیکرٹریز برائے کابینہ، داخلہ اور قانون و انصاف، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا، انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا، گورنر کے پرنسپل سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، تمام ایڈیشنل چیف سیکرٹریز، انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز، ڈی آئی جیز، ڈی پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور مینیجر گورنمنٹ پرنٹنگ پریس خیبرپختونخوا کو بھجوا دی گئی ہیں۔

نئے انتظامی سیٹ اپ کے تحت محکموں کی ذمہ داریوں کی تقسیم اور متعلقہ سیکرٹریز کی تعیناتیوں کا مقصد نامزد اضلاع کے انتظامی امور کو نئے ڈھانچے کے مطابق چلانا ہے۔

Scroll to Top