چین کے خودمختار علاقے تبت میں 7 شدت کے شدید زلزلے نے تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں کم از کم 16 افراد ہلاک اور 54 زخمی ہوگئے، جبکہ 300 سے زائد مکانات منہدم ہونے کی اطلاعات ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کی شب آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7 ریکارڈ کی گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق زلزلہ جمعرات کی شب تبت کے پہاڑی علاقے میں آیا، جس کے بعد متاثرہ علاقوں میں ہنگامی صورتحال نافذ کردی گئی۔
حکام نے امدادی ٹیمیں روانہ کردی ہیں، جبکہ زلزلے سے متاثرہ علاقے میں بجلی کی فراہمی بھی بڑے پیمانے پر معطل ہوگئی ہے۔
چینی سرکاری خبر رساں ادارے شنہوا کے مطابق زلزلے کا مرکز ناگچو خطے کی باچین کاؤنٹی میں تھا۔ مقامی ادارے برائے ہنگامی انتظام کے حوالے سے بتایا گیا کہ متاثرہ کاؤنٹی تبت کے دارالحکومت لہاسا سے تقریباً 400 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔
زلزلے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر عمارتوں کو نقصان پہنچا ہے جبکہ امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
حکام کی جانب سے نقصانات کا جائزہ لینے اور متاثرین کو امداد فراہم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔





