ترقی کے جھوٹے دعوے دھرے رہ گئے، 13 سال کا جمع شدہ کوڑا کرکٹ اب انتظامیہ کے بلڈوزر صاف کر رہے ہیں

پشاور: خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد صوبے بھر میں امن و امان کی بہتری، عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے اقدامات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔

 اس سلسلے میں ڈیرہ اسماعیل خان میں “صاف ستھرا خیبرپختونخوا” مہم کے تحت صفائی کے کاموں کو تیز کر دیا گیا ہے، جبکہ ضلع خیبر کے علاقے باڑہ میں ٹریفک کی روانی اور عوامی سہولت کے لیے تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا ہے۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں صفائی مہم تیز

ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں انتظامیہ اور متعلقہ اداروں نے صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے اضافی عملہ اور بھاری مشینری میدان میں اتار دی ہے۔

 شہر کے تجارتی مراکز، اہم شاہراہوں اور رہائشی علاقوں سے کچرا اٹھانے اور بند نالیوں کی صفائی کا کام جنگی بنیادوں پر جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو مقامی شہریوں کی جانب سے بھرپور انداز میں سراہا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ریاستی آئین کو چیلنج کرنے والوں کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہو سکتی، گورنرپختونخوا کا واضح اعلان

باڑہ میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن

دوسری جانب ڈپٹی کمشنر خیبر کی خصوصی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ نے باڑہ کے اہم تجارتی مرکز میں کارروائی کی۔ خیبر چوک سے ریڈ مینار اور عالم گودر بائی پاس روڈ تک روڈز کو کھلا کرنے کے لیے تمام عارضی اور مستقل تجاوزات کو مسمار کر دیا گیا۔

 انتظامیہ کا عزم ہے کہ سڑکوں پر ٹریفک کی بلا تعطل روانی اور شہریوں کی آمدورفت کو آسان بنانے کے لیے اس طرح کی کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔

جنوبی خیبرپختونخوا میں امن و امان اور سیکیورٹی کے چیلنجز

ادھر جنوبی خیبرپختونخوا بالخصوص بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں پائیدار امن اور خوشحالی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔

علاقائی جغرافیائی حیثیت اور سابق قبائلی اضلاع سے قربت کے باعث درپیش سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے منشیات، غیر قانونی اسلحے اور منی لانڈرنگ کے مکروہ دھندے کا مکمل خاتمہ ضروری قرار دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : وادیِ نیلم میں دلخراش حادثہ: اسکول کے بچوں کی گاڑی دریا میں گر گئی، 3 سگے بھائیوں سمیت 4 بچے جاں بحق

رپورٹس کے مطابق غیر قانونی اسلحہ سوسائٹی میں خوف و ہراس، منشیات نوجوانوں کی نسل کشی جبکہ منی لانڈرنگ ملکی معیشت کو کھوکھلا کرنے کا سبب بن رہی ہے۔ ان ناسوروں کے خاتمے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام کے مابین قریبی تعاون پر زور دیا گیا ہے۔

عوام سے اہم اپیل

حکام کی جانب سے غیور عوام سے پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنے اردگرد نظر رکھیں اور منشیات فروشی، غیر قانونی اسلحے کی نمائش یا کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع پولیس کو دیں۔ عوامی تعاون کے بغیر معاشرے کو پرامن اور نوجوانوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا ممکن نہیں۔

Scroll to Top