سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے گھر چوری، لاکھوں روپے کا سامان غائب، دو ملازمین زیرِ حراست

راولپنڈی: جاتلی کے علاقے ڈھوک امب میں سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف کی رہائش گاہ سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان چوری ہونے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ واقعے کا مقدمہ ان کے پرسنل سیکرٹری طیب فضل کی درخواست پر تھانہ جاتلی میں درج کر لیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق رہائش گاہ سے تین ایئر کنڈیشنر، دو دروازے، دو کھڑکیاں اور دیگر سامان چوری کیا گیا۔ ملزمان مبینہ طور پر قالین، کراکری، آرائشی اشیا اور گھاس کاٹنے والی مشین بھی لے گئے۔

درج مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ رہائش گاہ کے مختلف مقامات پر تالے ٹوٹے ہوئے پائے گئے۔ اس دوران سابق وزیراعظم کی رہائش گاہ پر تعینات ایک گھریلو ملازم بھی مبینہ طور پر غائب تھا۔

یہ بھی پڑھیں : درہ آدم خیل کی کوئلہ کان میں حادثہ، شانگلہ کا ایک اور کان کن جاں بحق

ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کے مطابق مذکورہ ملازم گزشتہ رات سے وہاں موجود نہیں تھا، جس کے بعد چوری کے واقعے کے حوالے سے تحقیقات شروع کی گئیں۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ چوری کے مقدمے میں نامزد دونوں گھریلو ملازمین زیرِ حراست ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے مختلف اوقات میں رہائش گاہ سے گھریلو سامان چوری کیا۔

پولیس نے مزید بتایا کہ مقدمے کی تفتیش جاری ہے اور ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد اکٹھے کرکے چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔

Scroll to Top