(کاشف عزیز) پشاور کے تھانہ رحمان بابا کی حدود بہادر کلے میںبچوں کے معمولی تنازع پر بڑوں کے تصادم کے نتیجے میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور خواتین سمیت 4 افراد شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق بہادر کلے محلہ غازی آباد میں بچوں کے درمیان ہونے والی لڑائی کے تنازع پر مخالفین مطیع اللہ عرف رحمت اور اس کے بیٹے ساحل ولد رحمت نے اشتعال میں آ کر مقتول کے گھر کے دروازے پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ کے نتیجے میں گھر کے اندر موجود امداد ولد صنوبر موقع پر ہی گولی لگنے سے جاں بحق ہو گیا جبکہ ان کے دو بیٹے سجاد اور فواد، اہلیہ مسماۃ (ن) اور بہو مسماۃ (ہ) زوجہ سجاد شدید زخمی ہو گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس نے جاں بحق شخص کی لاش کو پوسٹ مارٹم اور تمام زخمیوں کو فوری طبی امداد کی فراہمی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : افغان طالبان کے الزامات مسترد، کالعدم ٹی ٹی پی اور بی ایل اے کے خلاف پاکستان کے سخت اقدامات کا اعلان
کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے گولیوں کے خالی خول اور دیگر اہم شواہد اکھٹے کر لیے ہیں۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزم مطیع اللہ کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ فرار ہونے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔





