مولانا فضل الرحمان اقتدار میں حصہ نہ ملنے پر ملکی سالمیت پر حملہ آور ہیں، رانا سکندر حیات

پنجاب وزیر تعلیم نے موجودہ ملکی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کے شہدا سے متعلق بیان کی مذمت کی ہے۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ شہدا کی بے حرمتی کسی صورت برداشت نہیں کریں گے، شہدا پر تنقید کے بجائے ملک کے لیے ان کی قربانیوں کا احترام کیا جانا چاہیے۔

رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے عوام پوچھ رہے ہیں کہ ان کی حفاظت کے لیے کس نے قربانیاں دیں اور مولانا فضل الرحمان نے صوبے کے عوام کے لیے کیا اقدامات کیے؟ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان آج بھی ملکی دفاع اور عوام کی حفاظت کے لیے کھڑی ہیں۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ نوجوان عوامی نمائندوں سے ان کی کارکردگی اور عوامی خدمت کا حساب مانگتے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں پانچ سالہ دورِ حکومت کی کارکردگی عوام کے سامنے رکھی جائے اور بتایا جائے کہ تعلیم، موٹرویز اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے کیا اقدامات کیے گئے۔

رانا سکندر حیات نے کہا کہ جامعات کی عالمی درجہ بندی بہتر بنانے اور اسلامی تعلیم و تحقیق کے فروغ کے حوالے سے بھی وضاحت دی جانی چاہیے۔ ان کے مطابق عوامی مینڈیٹ کا تقاضا ہے کہ منتخب نمائندے اپنی کارکردگی اور قومی خدمات کے بارے میں عوام کو جواب دیں۔

یہ بھی پڑھیں: مولانا فضل الرحمن کے خلاف آوازیں کیوں اٹھیں؟جے یو آئی کی سوشل میڈیا ٹیم کو ہنگامی احکامات

انہوں نے مولانا فضل الرحمان پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ اقتدار میں حصہ نہ ملنے پر وہ ملکی سالمیت کے خلاف بیانات دے رہے ہیں۔ رانا سکندر حیات نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو بتایا جائے کہ ان کی فلاح و بہبود، تعلیم اور ترقی کے لیے کیا عملی اقدامات کیے گئے۔

صوبائی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ شہدا کی قربانیوں کا احترام اور قومی دفاع کے لیے خدمات انجام دینے والوں کی قدر کرنا ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔

Scroll to Top