چیئرمین جوائنٹ چیفس اور تینوں سروس چیفس نے 85ویں یوم پاکستان پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 23مارچ 1940 ہماری قومی تاریخ کا اہم ترین فیصلہ کن موڑ ہے، 23مارچ 1940 کو ایک آزاد ریاست کے تصور کو حقیقت کا روپ ملا، 23مارچ کو آزاد وطن کے قیام کیلئے مشترکہ کوششوں کی راہ ہموار ہوئی۔
قوم اسلام کے بنیادی اصولوں کو برقرار رکھنے کیلئے ان پرعمل پیرا ہے، ثابت قدمی کے ساتھ پاکستان جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور عوام کی فلاح کیلئے کوشاں ہیں۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ ایمان، امید کی رہنمائی اور استقامت پر مبنی یہ دن قوم کے عزم کی علامت ہے، اللہ کے فضل سے قوم جمہوریت کے سائے میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہا پاکستان کی مسلح افواج اپنی سرحدوں کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت ثابت قدم ہیں، مسلح افواج وطن کی خودمختاری کو برقرار رکھنے کیلئے اپنے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہیں، آج پاکستان اقوام عالم کےساتھ ایک ذمہ داررکن کے طور پر کھڑا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یوم پاکستان پر صدر مملکت اور وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد
آئی آئی ایس پی آر نے بیان میں کہا ہے کہ پاکستان عالمی سطح پر امن، استحکام اور تعاون کا داعی ہے، متحد قوم کے طور پر پاکستان پائیدار خوشحالی کیلئے آگے بڑھ رہا ہے، قومی کردار کی عکاسی کرنے والے امن کو برقرار رکھیں گے اور دفاع کریں گے۔





